نیویارک،یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جمعے کے روز امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ایک فوٹیج جاری کر دی ہے، جس میں ایک پولیس اہلکار کو ایک سیاہ فام شخص پر گولی چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس مبہم سی ویڈیو میں متعدد جگہوں پر آواز موجود نہیں ہے اور میڈیا کے مطابق اس فوٹیج کے اجراء کا مقصد مقامی سیاہ فام کمیونٹی کی ناراضی کو کم کرنا ہو سکتا ہے۔ پولیس اور استغاثہ کے مطابق اس واقعے کی تفتیش جاری ہے، جس میں یوگنڈا میں پیدا ہونے والے 38سالہ الفریڈ الانگو کو ایک پولیس اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کیا۔ پولیس کا تاہم کہنا ہے کہ فی الحال اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ آیا واقعے میں ملوث پولیس اہلکار پر کوئی مقدمہ چلایا جائے گا یا نہیں۔